ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / ریزرو پولیس جوانوں کا پولیس تھانوں میں استعمال جلد: پرمیشور

ریزرو پولیس جوانوں کا پولیس تھانوں میں استعمال جلد: پرمیشور

Fri, 30 Dec 2016 20:01:11    S.O. News Service

بنگلور:30/دسمبر(ایس او نیوز) ریاستی وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہاکہ ریاستی ریزرو پولیس کے جوانوں کو عنقریب پولیس تھانوں میں خدمات کیلئے متعین کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہاہے۔آج ریاستی ریزرو پولیس کے 1080جوانوں کو پرموشن دینے کیلئے منعقدہ تقریب میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں پندرہ کے ایس آر پی بٹالین موجود ہیں۔ یہ تمام جوان یاتو اپنے بیارکوں میں یا پولیس کی بسوں میں سارا وقت گزار دیتے ہیں، آنے والے دنوں میں ان جوانوں کی خدمات کو پولیس تھانوں میں استعمال کیا جائے گا۔تملناڈو میں اس طرح کا نظام متعارف کروایا گیا ہے اور خود انہوں نے تملناڈو کا دورہ کرکے اس نظام کا جائزہ لیا ہے۔ اگر یہ نظام شہر میں سود مند ثابت ہوتا ہے تو ریاست گیر پیمانے پر اس نظام کو استعمال میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی پولیس فورس میں جملہ ایک لاکھ اسامیاں ہیں، ان میں سے 25ہزار خالی پڑی ہوئی ہیں۔ پچھلی حکومت نے پولیس فورس میں کوئی بھرتی نہیں کی ہے، موجودہ حکومت نے اپنے تین سالہ دور میں 21ہزار بھرتیاں کرنے کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریزرو پولیس میں موجود پندرہ ہزار جوانوں کو اگر موثر طور پر استعمال میں لایا جاتاہے تو اسامیوں کے خالی رہنے سے جو پریشانی ہے اسے کافی حد تک دور کیا جاسکتا ہے۔ پولیس فورس بھی ہنگامی حالات میں موثر طور پر کام کرسکے گی۔ انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے پولیس فورس میں جوانوں اور افسران کو بروقت ترقی دینے کا نظام موجود نہیں تھا، ریاستی حکومت نے اوراد کر کمیٹی سفارشات کے مطابق ہر دس سال میں ایک بار پولیس والوں کو ترقی دینے کا نظام ملک میں پہلی بار متعارف کروایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کے ایس آر پی کیلئے ٹاٹا کمپنی کی 150 بسیں خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ا ن میں سے تیس بسیں آچکی ہیں۔ ایک ماہ میں باقی 120بسوں کی فراہمی بھی ہوجائے گی۔انہوں نے کہاکہ ان بسوں میں پولیس جوانوں کے بیاگ، رائفل اور دیگر اشیاء کو بحفاظت رکھنے کیلئے انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے کے ایس آر پی کیمپس میں خاتون کانسٹبلوں کے ٹھہرنے کیلئے بیارک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا اور کہاکہ اس بیارک میں ہر طرح کی سہولت مہیا کرائی جائے گی۔تقریب میں وزیر داخلہ کے مشیر کیمپیا، کے ایس آر پی کے اے ڈی جی پی کمل پنت، سنیل کمار، ایک اور ڈی جی پی راگھویندرا اورادکر، پروین سود، نیل منی راجو، کشور چندرا، پریم کمار، مینا روی اور دیگر موجود تھے۔


Share: